تلاش وہ جذبہ، وہ تجسس ہے جو دل میں کچھ کرنے اور پانے کی خواہش پیدا کرکے متلاشی کو اس کی منزل تک لے جاتا ہے۔ اسی جذبے اور تجسس سے سرشار ہو کر ہمارے بہت سے دوست اکثر مسیحی ایمان کے بارے میں مختلف سوالات پوچھتے رہتے ہیں تا کہ سچائی پاکر صحیح راستے پر گامزن ہو سکیں یعنی وہ راستہ جو خدا کی طرف اور اس کی دی ہوئی نجات کی طرف جاتا ہے۔
اس ویب سائٹ پر ہم نے کئی ایک عنوانات کے تحت ایسے کئی سوالات کا جواب فراہم کیا ہے جو عموماً ہمارے غیر مسیحی دوست پوچھتے ہیں۔ ہمارا عین مقصد یہی ہے کہ مسیحی ایمان کے مختلف حصوں کے بارے میں کلام مقدس بائیبل کی استفسارات پیش کئے جائیں۔
دنیا میں تقریباً ساڑھے سات بلین کی آبادی ہے جس میں تقریباً ڈھائی بلین اپنے آپ کو مسیحی کہتے ہیں۔ کچھ تو واقعی مسیحی ہیں اور کچھ صرف نام کے۔ کہنے کا مقصد اتنا ہی ہے کہ کچھ تو مسیح کی تعلیم پر دل وجان سے عمل کرنے کے باعث مسیحی ہیں اور کچھ محض مسیحی خاندان میں جنم لینے اور مسیحی نام رکھنے کی وجہ سے مسیحی ہیں۔ مسیحی بھی دیگر مذاہب کے پیروکاروں کی طرح مختلف فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں اور ہماری تعلیم اور طریقہ عبادت میں کچھ فرق بھی ہے ۔
لہذا ہم جو کچھ یہاں مسیحی ایمان و عمل کے بارے میں بیان کرینگے اس سے بیشتر مسیحیوں کو اتفاق ہوگا کیونکہ ہمارا ماخذ اور فرقان کلام مقدس ہے۔ ہماری دلی دعا ہے کہ آپ کلام مقدس کی روشنی میں مسیحی ایمان و عمل کے اطوار کی سچائی کو جانیں۔ اور خدائے بزرگ و برتر کی بندگی اپنے پورے عقل اور پوری دانائی سے اس کی ہدایات کے مطابق کریں۔
